Friday, August 2, 2024

اردو اکادمی بلوچستان

اردو اکادمی بلوچستان 

پس منظر:
اُردو ، بلوچستان کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک ہے بلکہ اِس خطے میں تحریری تاریخ کا آغاز فارسی اوراُردو سے ہی ہوا۔ یوں اُردو کو بلوچستان کی اولین تحریری زبان بھی کہا جا سکتا ہے۔ خطہ ء بلوچستان میں اُردو کے ابتدائی نقوش انیسویں صدی کے وسط اوربیسویں صدی کے آغاز میں ملتے ہیں۔ البتہ انیسویں صدی کے اختتام تک اور انگریز کی آمدکے بعد یہاں اردو میں باضابطہ دفتری خط و کتابت رواج پا چکی تھی۔بیسویں صدی کے آغاز میں یہاں اردو کی ادبی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو چکا تھا۔ بلوچستان کے اولین علمی اکابرین یوسف عزیز مگسی، عبدالعزیز کرد، محمد حسین عنقا، گل خان نصیر، عبدالصمد اچکزئی وغیرہ نے اپنے قلمی سفر کا آغاز اسی زبان سے کیا ۔ ان کابیش تر علمی ورثہ اردو میں ہی پایا جاتا ہے۔
 یہ زبان آج بھی صوبے کے تمام کونوں میں لکھی، بولی، پڑھی اور سمجھی جاتی ہے۔ نیزآج بھی صوبے میں سب سے زیادہ اشاعتی کام اسی زبان میں ہوتا ہے۔ لیکن بدقسمتی سے صوبے کی سطح پر اب تک ایسا کوئی ادارہ موجود نہیں جو اس وسیع زبان کی سرکاری یا غیرسرکاری سطح پر ترقی و ترویج کا فریضہ انجام دے ۔اردو میں لکھنے والے ادیب اپنے علمی، ادبی کام کی اشاعت کے لیے نجی پبلشرز کے محتاج ہوتے ہیں جو عموماً ان سے ہی پیسے لے کر کتاب چھاپتے ہیں۔ اس لیے آج بھی بلوچستان کے اکثر ادیب سیلف پبلشنگ کا شکار ہیں۔
صوبے کی دیگر  مقامی زبانوں بلوچی، براہوی، پشتو، ہزارگی کی طرز پر ایک ایسے ادارے کی ضرورت تھی جو  صوبے کے اردو ادیبوں کی کتب کی اشاعت اور ترویج کا کوئی انتظام کر سکے۔اس سلسلے میں "اردو اکادمی بلوچستان "کو قائم کر کے فعال کیا جا رہا ہے تاکہ صوبے میں تخلیق ہونے والے اردو ادب کی ترقی و ترویج کا کام منظم طور پر ہو سکے۔  




اغراض و مقاصد

 بلوچستان کے اُردو ادیبوں کی تخلیقات کی اشاعت کا اہتمام کرنا
 ادیبوں کو کتاب پر رائلٹی ادا کرنا
 اُردو اکیڈمی سے شائع شدہ کتب پر سالانہ انعامات کا سلسلہ جاری کرنا
دارالترجمہ قائم کر کے بلوچستان کی مادری زبانوں(بلوچی، براہوی، پشتو، ہزارگی و دیگر) سے تراجم کی اشاعت کا اہتمام کرنا
 بلوچستان کے کلاسیکی وجدید ادبی ورثے کو اردو میں منتقل کرنا
 بلوچستان کلاسک سیریز کے نام سے ماضی کے معروف ادیبوں کی تخلیقات کو یک جا کر کے شائع کرنا
 بلوچستان بھر میں ادبی سرگرمیوں، کتاب میلے، مباحث و مکالمے کو فروغ دینا
 بلوچستان کے دوردراز علاقوں کی سرکاری و غیرسرکاری پبلک لائبریروں کو کتابیں فراہم کرنا
 بلوچستان کے اردو ادب (مع اردو تراجم) کو ڈیجیٹائیز کرنا
  ایک وسیع ویب سائٹ کے ذریعے بلوچستان کے اردو ادب کو عوام کے لیے قابلِ رسائی بنانا
بلوچستان کے سالانہ ادبی میلے کے انعقاد کی کوشش کرنا




اردو اکادمی بلوچستان

اردو اکادمی بلوچستان  پس منظر: اُردو ، بلوچستان کی قدیم ترین زبانوں میں سے ایک ہے بلکہ اِس خطے میں تحریری تاریخ کا آغاز فارسی اوراُردو سے ہی...